سری نگر ، 14؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کشمیر میں برہان وانی کی موت اور اس کے بعد ہوئی ہلاکتوں کے پیش نظر کرفیو جیسے حالات اور علیحدگی پسندوں کی طرف سے بلائی گئی ہڑتال کی وجہ سے آج مسلسل چھٹے دن معمولات زندگی درہم برہم رہے ۔سری نگر کے کچھ حصوں، شمالی کشمیر کے کچھ علاقوں اور جنوبی کشمیر کے چار اضلاع میں لوگوں کی آمدروفت پر ہفتے کی صبح لگائی گئی پابندی آج بھی لاگو رہی ۔حکام نے کہا کہ وادی میں قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے کرفیو لگایا گیا ہے ۔اس درمیان، علیحدگی پسند گروپوں کی طرف سے بلائی گئی ہڑتال سے وادی میں معمولات زندگی بھی متاثر ہوئی ۔علیحدگی پسند گروپوں نے حالیہ مظاہرے کے دوران سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ میں ہوئی ہلاکتوں کے بعد ہڑتال کی مدت جمعہ تک کے لیے بڑھا دی ہے ۔حکام نے کہا کہ دکان، نجی دفاتر ، کاروباری ادارے اور پٹرول پمپ بند رہے اور سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بہت کم لوگوں کی موجودگی دیکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل چھٹے دن پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہیں جبکہ ان علاقوں میں نجی کاریں اور آٹو رکشہ چلتے دکھائی دئیے ، جہاں کرفیو نہیں لگایا گیا ہے ۔گرمی کی چھٹیوں کی وجہ سے وادی میں تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ کشمیر سینٹرل یونیورسٹی، کشمیر یونیورسٹی، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور جموں اینڈ کشمیر اسکول ایجوکیشن بورڈ نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر امتحانات ملتوی کر دئیے ہیں۔ہڑتال اور کرفیو کی وجہ سے وادی میں بڑے پیمانے پر شادی کی تقریبات کو منسوخ کرنا پڑا ہے ۔بہت سے لوگ صرف اپنے انتہائی قریب رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں اور روایتی دعوت کے بغیر بہت سادہ انداز میں شادی کی تقریب منعقد کر رہے ہیں۔وادی سے شائع ہونے والے اخبار شادی کی تقریبات منسوخ کئے جانے والے اعلانات سے بھرے رہتے ہیں۔علیحدگی پسند گروپوں نے وانی کی ہلاکت کے بعد سے چوتھی بار ہڑتال کی مدت بڑھائی ہے۔اس سے پہلے انہوں نے وانی کی موت کی مخالفت میں 8 ؍جولائی کو ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔اس کے بعد مبینہ طور پر سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں شہریوں کی موت کی مخالفت میں ہڑتال کی مدت دو اور دن بڑھادی گئی۔ہڑتال کی مدت پیر کو دوبارہ بڑھائی گئی اور اس کے بعد کل علیحدگی پسندوں نے لوگوں سے مزید دو دن یعنی جمعہ تک ہڑتال کرنے کو کہا۔سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق سمیت علیحدگی پسند لیڈروں نے سری نگر کے خواجہ بازار علاقے میں قبرستان کی طرف مارچ کرکے کل کرفیو کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی۔دونوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ان کو بعد میں حراست سے آزاد کرکے نظربند کر دیا گیا۔